وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی بدولت پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ رکن ملیکہ بخاری کو اپنی بہن کی عیادت کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ملیکہ بخاری نے پچھلے دنوں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کیا تھا ، جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں ایک پاکستانی شہری ہوں میں نے اپنی بیمار بہن سے ملنے بیرون ملک جانا ہے لیکن گزشتہ ایک سال سے میرا نام نو فلائی لسٹ میں شامل ہے، میری بڑی بہن وینٹیلیٹر پر ہیں اور زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں، ان کے پاس صرف 24 گھنٹے ہیں اور میں بیرون ملک ان کی عیادت کے لیےجانا چاہتی ہوں۔
وزیراعلی مریم نواز نے ان کی اس پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ متعلقہ حکام سے بات کریں گی اور ان کا نام نو فلائنگ لسٹ سے نکالنے کی درخواست کریں گی۔
بعد ازاں بیرون ملک جانے کی اجازت ملنے پر ملیکہ بخاری نے مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور انہیں کہا کہ آپ کی بروقت مداخلت سے میرا نام نو فلائی لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے، اور مجھے بیرون ملک جانے کی اپنی بہن کی عیادت کے لیے اجازت مل گئی ہے۔
یاد رہے کہ نو مئی کے واقعات کے بعد حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی ملیکہ بخاری سمیت مزید ممبران گرفتار کیے گئے تھے، 25 مئی کو ملیکہ بخاری نے اسلام آباد میں پریس کلب میں کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہا تھا۔ 9 مئی کے واقعات میں مبینہ ملوث ہونے کی وجہ سے ملیکہ بخاری بیرون ملک جانے کے لیے نو فلائی لسٹ میں تھی۔